ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عاسکر فرنانڈیز کریں گے منکی کو اڈوپٹ ؛ منکی کی بنیادی مسائل حل کرنے اور ترقیاتی کاموں کو انجام دینے اتحاد و ملن پروگرام میں اعلان

عاسکر فرنانڈیز کریں گے منکی کو اڈوپٹ ؛ منکی کی بنیادی مسائل حل کرنے اور ترقیاتی کاموں کو انجام دینے اتحاد و ملن پروگرام میں اعلان

Sun, 22 Oct 2017 17:52:20    S.O. News Service

دبئی 22 اکتوبر(ایس او نیوز) منکی کے ساتھ میرا خاص تعلق رہا ہے اور منکی والوں کے ساتھ بھی میرے ہمیشہ سے اچھے تعلقات رہے ہیں، شیرور کو میں نے اڈوپٹ کیا تھا اور اپنے فنڈ سے شیرور میں ترقیاتی کام کئے تھے، اب میں منکی کے بنیادی مسائل حل کرنے اور وہاں ترقیاتی کاموں کو انجام دینے منکی کو اپنے اختیار میں لے رہا ہوں۔ اس بات کا اعلان راجیہ سبھا ممبر عاسکر فرنانڈیز نے کیا؛ وہ یہاں شارجہ کے ایک پرائیویٹ ہوٹل میں منعقدہ اتحاد و ملن پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ایم پی فنڈ کو منکی دیہات میں لگائیں گے سڑکوں ، پلوں اور دیگر تعمیراتی کاموں کو انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منکی کے ذمہ داران اپنے علاقہ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے جو کوششیں کررہے ہیں، میں بھی اُن کے ساتھ اب شامل ہوں اور چاہتاہوں کہ منکی کو پورے شمالی کرناٹکا کا ایک مثالی دیہات بناؤں انہوں نے یقین دلایا کہ منکی کے عوام کو جن مسائل کا سامنا ہے، اُسے دور کرنے کی وہ ہرممکن کوشش کریں گے۔

پروگرام میں منکی کے حاجیکا عبدالرشید کو اُن کی سماجی خدمات کے اعتراف میں تہنیت سے نوازا گیا اور اُن کی مہمانوں کے ذریعے شال پوشی کی گئی۔

رات کی شاندار ضیافت کے بعد حافظ ساجد مختصرکی تلاوت کلام پاک سے جمعہ کی شام 9:30 بجے جلسہ کا آغاز ہوا تھا، ابوذر ابوحسینا نے نعت پیش کی تھی جبکہ منکی جماعت کے سکریٹری عابدین ابوحسینانے پروگرام کی غرض وغایت بیان کرتے ہوئے اتحاد و  اتفاق پر زور دیا، انہوں نے اس بات پر نہایت خوشی کا اظہار کیا کہ آج کے اس پروگرام میں بھٹکل، مرڈیشور، منکی ، شیرور، بیندور اورشراؤتی علاقوں کی تمام جماعتوں کے ذمہ داران شریک ہوئے ہیں اور سبھی ذمہ داران کی کوششوں سے ہم سبھی لوگ ایک پلیٹ فارم پرجمع ہوئے ہیں، ان کے مطابق تمام لوگوں کا ایک پلیٹ فارم پر آنا ہی سب سے بڑی کامیابی ہے، مسئلے مسائل آتے رہیں گے، مگر اتحاد اور اتفاق سب سے اہم ہے۔ ان کے مطابق اگرہم اور ہماری نسلیں اس پر قائم و دائم رہے گی تو ہمارے سامنے کوئی بھی مشکل پیش آئے، ہم مل کر اُسے آسانی کے ساتھ حل کرسکیں گے۔

قائد قوم جناب ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب سی اے زاہد، جنرل سکریٹری جناب محمد یونس قاضیا اور مرڈیشور جماعت کے جناب امین سیف اللہ نے بھی اس موقع پر اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔ منکی جماعت کے صدر جناب ابومحمد مختصرنے پروگرام کی صدارت کی۔ 

اس موقع حاضرین کی تفریح کے لئے مختصر مشاعرہ کا بھی انعقاد ہوا جس کی نظامت جناب رحمت اللہ راہی نے کی۔ فیضان ساؤڑا نے منکی کے ممبران کے لئے ریفل ڈراء کے ذریعے انعامات تقسیم کئے جس میں تین اسکوٹر، مینگلور کے لئے دو ٹکٹ، سونے کی گنیاں، نیکلس سمیت کافی دیگر انعامات تھے۔ ضیاء مختصر اور  مصعب ابوحسینا نے باری باری  نظامت کے فرائض بخوبی انجام دئے، آخر میں  پروگرام کے کنوینر محمد شریف کے کلمہ تشکر اور مولوی ارشاد افریقہ ندوی کی دُعا پر جلسہ برخواست ہوا۔

پورا پروگرام ساحل آن لائن پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا گیا تھا، جس کی ریکارڈنگ ذیل میں دی جارہی ہے۔

 


Share: